
کوئٹہ (یو این اے)صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی بلوچستان میر ظہور بلیدی نے مستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے امن دشمن عناصر کے لیے کاری ضرب قرار دیا ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو بروقت ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کارروائی سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے ریاستی عزم مزید واضح ہوگیا ہے۔میر ظہور بلیدی کا کہنا تھا کہ مستونگ آپریشن سیکیورٹی فورسز کی بروقت حکمتِ عملی اور ان کی اعلی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ملک دشمن عناصر کو کسی صورت بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی اداروں کی یہ بے مثال جدوجہد پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے، اور صوبے کے غیور عوام اپنے تحفظ اور مستقل کے امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی تمام تر خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف یہ کارروائی ایسے تمام عناصر کے نیٹ ورک کے لیے ایک واضح وارننگ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف ریاست کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہر سطح پر بلا تعطل جاری رہے گی۔ دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی اور ہمارے سیکیورٹی اداروں کی لازوال قربانیاں ہی پائیدار امن کی اصل ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کے سفر میں رکاوٹ بننے والی تمام قوتوں کو عبرت ناک شکست دی جائے گی اور دہشت گردی کے مکمل سدباب تک ان عناصر کے خلاف کارروائیوں کا یہ سلسلہ پوری قوت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔



