
ہرنائی/شاہرگ (یو این اے) ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی) کی کوئلہ کان نمبر 151 میں گیس بھرنے کے باعث حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 8 کانکن کان کے اندر پھنس گئے۔ حادثے کے بعد ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو ٹیموں اور متعلقہ اداروں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق شاہرگ میں واقع پی ایم ڈی سی کی کوئلہ کان نمبر 151 میں اچانک گیس بھرنے سے کان کے اندر موجود کانکن متاثر ہوئے اور 8 کانکن پھنس گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر پہنچے اور پھنسے ہوئے کانکنوں کو باہر نکالنے کے لیے آپریشن شروع کردیا۔ریسکیو ٹیموں نے ابتدائی کارروائی کے دوران 2 کانکنوں کو زخمی حالت میں کان سے نکال لیا۔ دونوں زخمیوں کو شاہرگ کے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔یو این اے کے مطابق کان سے نکالے گئے دونوں زخمی کانکنوں کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع سوات سے بتایا گیا ہے، جبکہ کان کے اندر موجود دیگر 6 کانکنوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔ذرائع کے مطابق حادثہ ٹھیکیدار فاروق ملیزئی کی کول مائن میں پیش آیا، جہاں کانکن معمول کے مطابق کام میں مصروف تھے کہ اچانک گیس بھرنے سے صورتحال سنگین ہوگئی۔ریسکیو اہلکار پھنسے ہوئے کانکنوں تک رسائی کے لیے انتہائی احتیاط سے کارروائی کررہے ہیں۔ کان کے اندر گیس کی صورتحال، آکسیجن کی فراہمی اور دیگر حفاظتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ ریسکیو اہلکاروں کی حفاظت یقینی بناتے ہوئے کانکنوں کو جلد از جلد باہر نکالا جاسکے۔حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن کی نگرانی جاری ہے اور مزید تفصیلات آپریشن میں پیش رفت کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔ واقعے کے بعد کانکنوں کے اہلخانہ اور مقامی افراد بھی جائے حادثہ اور متعلقہ ہسپتالوں کے باہر موجود ہیں اور اپنے پیاروں کی بحفاظت بازیابی کے منتظر ہیں۔شاہرگ اور ہرنائی میں کوئلہ کانوں کے حادثات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں، جس کے باعث کانوں میں حفاظتی انتظامات، گیس کی بروقت نشاندہی اور کانکنوں کے لیے حفاظتی اقدامات کی اہمیت ایک بار پھر اجاگر ہوئی ہے۔



