
گڈانی/حب (یو این اے) گڈانی کے ساحل پر سمندر میں ڈوبنے کے ایک افسوسناک واقعے میں چھ افراد ڈوب گئے، جن میں سے تین افراد کو تلاش کرلیا گیا جبکہ تین تاحال لاپتہ ہیں۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاندان شدید کرب اور اضطراب کا شکار ہیں جبکہ ساحلی علاقے میں پٹرولنگ، نگرانی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ذمہ دار اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھ گئے ہیں۔متاثرہ خاندانوں نے مطالبہ کیا ہے کہ لاپتہ تین افراد کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور جدید و مثر ریسکیو ذرائع استعمال کرتے ہوئے سرچ آپریشن تیز کیا جائے۔ذرائع کے مطابق گڈانی کی سمندری حدود میں پٹرولنگ، نگرانی اور ہنگامی حالات میں امدادی کارروائیوں کے لیے محکمہ فشریز اور متعلقہ عملہ موجود ہے، تاہم حالیہ واقعے میں تین افراد کا تاحال لاپتہ رہنا اس نظام کی عملی افادیت پر سنجیدہ سوالات پیدا کررہا ہے۔ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ محکمہ فشریز گڈانی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پٹرولنگ کی کارکردگی بھی سوالات کی زد میں ہے اور بعض اہلکاروں کے فیلڈ میں اپنی ذمہ داریاں باقاعدگی سے ادا نہ کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ تاہم ان دعوں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔ذرائع کے مطابق گڈانی میں سمندری ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تربیت یافتہ غوطہ خوروں، ماہر کشتی چلانے والے عملے، فعال ریسکیو کشتیوں اور ضروری حفاظتی سامان کی دستیابی بھی ایک اہم مسئلہ ہے۔ ایسے واقعات میں ابتدائی چند منٹ انتہائی اہم ہوتے ہیں اور مطلوبہ وسائل کی عدم دستیابی امدادی کارروائی کو متاثر کرسکتی ہے۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ گڈانی اہم ساحلی تفریحی اور صنعتی علاقہ ہونے کے باعث بڑی تعداد میں لوگوں کی آمدورفت کا مرکز ہے، اس لیے ساحل پر مثر پٹرولنگ، نگرانی اور فوری ریسکیو نظام ناگزیر ہے۔شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر محکمہ فشریز کے پاس سمندری حدود کی نگرانی اور پٹرولنگ کا نظام موجود ہے تو ڈوبنے والے افراد کو فوری امداد کیوں فراہم نہ کی جاسکی؟ کیا فیلڈ عملہ باقاعدگی سے ڈیوٹی انجام دے رہا ہے، اور کیا عملے کی حاضری و کارکردگی کی مثر نگرانی کا نظام موجود ہے؟ شہریوں نے یہ بھی سوال کیا کہ ریسکیو کشتیوں، تربیت یافتہ غوطہ خوروں اور ماہر کشتی چلانے والے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائی گئی ہے یا نہیں۔متاثرہ خاندانوں اور مقامی افراد نے مطالبہ کیا کہ لاپتہ تین افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کو مثر بناتے ہوئے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں اور تلاش اس وقت تک جاری رکھی جائے جب تک لاپتہ افراد سے متعلق حتمی معلومات حاصل نہ ہوجائیں۔عوامی حلقوں نے صوبائی حکومت، محکمہ فشریز اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ گڈانی کے ساحل پر پٹرولنگ اور ریسکیو کے موجودہ نظام کا ہنگامی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے، عملے کی حاضری و کارکردگی کی نگرانی کی جائے، ریسکیو کشتیوں اور دیگر آلات کی حالت چیک کی جائے اور ضرورت کے مطابق اضافی وسائل فراہم کیے جائیں۔شہریوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ ہر متعلقہ ادارے کی اولین ذمہ داری ہے اور ساحلی علاقوں میں معمولی غفلت بھی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے حکام سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ لاپتہ افراد کی تلاش سے متعلق پیش رفت سے متاثرہ خاندانوں اور عوام کو باقاعدگی سے آگاہ کیا جائے۔



