
گوادر (یو این اے) پاک ایران سرحد کے قریب نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں نے نیشنل لاجسٹکس سیل کے ملازمین کی پک اپ گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چاروں افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق واقعہ جمعے کے روز گوادر کی تحصیل جیونی سے تقریبا 60 کلومیٹر دور پاک ایران سرحد پر بارڈر پوسٹ نمبر 250 کے قریب پیش آیا۔ نامعلوم مسلح افراد نے پک اپ گاڑی کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کے بعد گاڑی کو آگ لگا کر تباہ کردیا۔پولیس ذرائع کے مطابق مقتولین نیشنل لاجسٹکس سیل کے ملازمین تھے اور ان کے پاس بھاری رقم موجود تھی، جسے مسلح افراد لوٹ کر فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں ضلع لیہ کے چک نمبر 132 کے رہائشی 24 سالہ غلام مصطفی ولد ریاض حسین اور ضلع شیخوپورہ کے 34 سالہ صنم مسیح ولد سلیم کی شناخت ہوئی ہے۔ دیگر دو مقتولین کی شناخت 36 سالہ کنول شہزاد ولد دلشاد احمد، سکنہ ٹیچر کالونی، نواں کلی کوئٹہ، اور 26 سالہ دانش اقبال ولد فلک ناز، سکنہ غنڈی کلی، تخت نصرتی، ضلع کرک کے نام سے ہوئی ہے۔چاروں مقتولین کی لاشیں پولیس نے گوادر کے جی ڈی اے ہسپتال منتقل کردی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ایک موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی ہے جو مبینہ طور پر حملہ آوروں سے رہ گئی۔ موٹرسائیکل کو تحویل میں لے کر واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی شناخت کے لیے مختلف پہلوں سے تفتیش جاری ہے۔گوادر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں گزشتہ برسوں کے دوران غیر مقامی افراد، مزدوروں اور سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں، تاہم تازہ واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی۔



