
خضدار )یو این اے) تحصیل وڈھ کے علاقے سونارو میں گزشتہ شب پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں خواتین بچوں سمیت4 افراد جاں بحق ہونے کے خلاف اہلِ علاقہ نے میتوں کے ہمراہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر احتجاج شروع کردیا، جس کے باعث شاہراہ ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔مقامی ذرائع کے مطابق مظاہرین نے جاں بحق افراد کی میتیں قومی شاہراہ پر رکھ کر احتجاج کیا، جس کے باعث دونوں اطراف ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ 10 ستمبر کی رات تقریبا 10 بجے وڈھ کے علاقے سونارو، کلی یار محمد گرگناڑی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں چار افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔احتجاج کرنے والے افراد نے واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد مقامی اور محنت کش شہری تھے۔دوسری جانب واقعے سے متعلق سرکاری حکام یا سیکیورٹی فورسز کا مقف تاحال سامنے نہیں آیا۔



