بلوچستانتازہ ترین

سورینج کان حادثے کی انکوائری کمیٹی ازسرِنو تشکیل دی جائے

کان مالک، لیز ہولڈر اور ٹھیکیدار سمیت تمام ذمہ داروں کا تعین کیا جائے

اصل ذمہ داروں کو بچانے کی کوشش ناقابلِ قبول ہے، نیشنل لیبر فیڈریشن
اصل ذمہ داروں کو بچانے کی کوشش ناقابلِ قبول ہے، نیشنل لیبر فیڈریشن

کوئٹہ(یو این اے )نیشنل لیبر فیڈریشن بلوچستان نے سورینج کان حادثے کے بعد قائم کی گئی کورٹ آف انکوائری کمیٹی کی تحقیقات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت بلوچستان اور محکمہ معدنیات سے مطالبہ کیا ہے کہ کمیٹی کو ازسرِنو تشکیل دے کر مکمل طور پر شفاف، آزادانہ اور غیر جانب دار تحقیقات کرائی جائیں۔نیشنل لیبر فیڈریشن بلوچستان کے مطابق یہ تاثر تشویشناک ہے کہ تحقیقات کا رخ حادثے کے اصل ذمہ داروں کے تعین کے بجائے ایسے افراد کی طرف موڑا جارہا ہے جن کا حادثے سے براہِ راست تعلق نہیں، جبکہ کان کے مالک، لیز ہولڈر، ٹھیکیدار اور دیگر متعلقہ ذمہ دار عناصر کے کردار کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ کسی غیر متعلقہ فرد کو قربانی کا بکرا بنانا جاں بحق کان کنوں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ حکومت کو چاہیے کہ اصل حقائق سامنے لانے کے لیے حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی، ناقص انتظامات اور حادثے کے حقیقی اسباب کا تعین کرے۔نیشنل لیبر فیڈریشن نے مطالبہ کیا کہ موجودہ کورٹ آف انکوائری کمیٹی کو ازسرِنو تشکیل دے کر اس میں غیر جانب دار، باصلاحیت اور دیانت دار افراد کو شامل کیا جائے۔ تحقیقات کے دوران کان کے مالک، لیز ہولڈر، ٹھیکیدار، متعلقہ سرکاری حکام اور دیگر تمام ذمہ داروں کے کردار کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔فیڈریشن نے کہا کہ جو بھی شخص حادثے کا ذمہ دار ثابت ہو، اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔ سورینج سانحے کو محض ایک اور کان حادثہ سمجھ کر نظر انداز کرنا مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کی کوششوں کو نقصان پہنچائے گا۔نیشنل لیبر فیڈریشن بلوچستان نے واضح کیا کہ شفاف تحقیقات، اصل ذمہ داروں کا تعین اور ان کے خلاف قانونی کارروائی ہی شہید کان کنوں کے خاندانوں کے ساتھ حقیقی انصاف اور مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام کی مثر ضمانت بن سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button