
بھاگ(یو این اے )تھانہ بھاگ کی حدود میں سیلاب متاثرین کے علاج کے لیے جانے والی میڈیکل ٹیم کو مسلح ڈاکوں نے گن پوائنٹ پر روک کر لوٹ لیا۔متاثرہ میڈیکل ٹیم کے مطابق سیلاب متاثرین کے لیے منعقدہ فری میڈیکل کیمپ سے واپسی کے دوران راستے میں مسلح ڈاکوں نے ڈاکٹر مشتاق احمد ابڑو، ایم ایس سول ہسپتال بھاگ، ڈاکٹر محمد یوسف، حاجی عبدالغفار، صدورہ خان، سعید احمد، لعل بخش اور غلام نبی سمیت دیگر ارکان کو گن پوائنٹ پر روک لیا۔ملزمان نے میڈیکل ٹیم کے ارکان سے موبائل فونز، نقدی اور دیگر قیمتی اشیا چھین لیں اور واردات کے بعد فرار ہوگئے۔واقعے کے بعد طبی ٹیم کے ارکان میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ مقامی سطح پر سیکیورٹی صورتحال پر بھی سوالات اٹھنے لگے۔ متاثرہ ٹیم نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کرکے انہیں گرفتار کیا جائے۔



