
ڈیرہ مراد جمالی (یو این اے) تھانہ سٹی کی حوالات میں 19 سالہ قیدی مختیار احمد مبینہ طور پر اچانک گولی چلنے کے واقعے میں جاں بحق ہوگیا۔ذرائع کے مطابق تھانہ سٹی میں شب محرر مبینہ طور پر سرکاری اسلحہ صاف کررہا تھا کہ اس دوران اسلحے سے اچانک گولی چل گئی، جو حوالات میں موجود قیدی مختیار احمد کو جا لگی۔ گولی لگنے کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق مختیار احمد کو لڑائی جھگڑے کے ایک مقدمے میں گرفتار کرکے تھانہ سٹی کی حوالات میں رکھا گیا تھا۔واقعے کے بعد پولیس نے لاش کو مقامی اسپتال منتقل کردیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کے مختلف پہلوں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور اسلحے سے گولی چلنے کی وجوہات کا بھی تعین کیا جارہا ہے۔



