
تربت(یو این اے)تربت یونیورسٹی کے عقب سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہونے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر شناخت اور ضروری قانونی کارروائی کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کردی، جہاں طبی و قانونی کارروائی جاری ہے۔پولیس کے مطابق لاش کی شناخت ماہ گل بنت عزیز کے نام سے ہوئی ہے، جو کلگ سہرانی کی رہائشی بتائی جاتی ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ سے دستیاب شواہد اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد لاش ہسپتال منتقل کردی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کی موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے ضروری قانونی کارروائی کی جارہی ہے، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ موت کی حتمی وجہ طبی اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں اور یہ بھی معلوم کیا جارہا ہے کہ خاتون کی لاش یونیورسٹی کے عقب میں کس طرح پہنچی اور واقعے کے پسِ پردہ کیا عوامل کارفرما ہیں۔ تحقیقات میں دستیاب شواہد، عینی معلومات اور دیگر متعلقہ پہلوں کو مدنظر رکھا جارہا ہے۔دریں اثنا تربت کے علاقے کرکینی میں مچھلی مارکیٹ کے قریب دو روز قبل نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے قتل ہونے والے ایک نامعلوم شخص کی لاش بھی اہلِ خانہ کی جانب سے رابطہ نہ کیے جانے پر ضروری قانونی کارروائی کے بعد امانتا سپردِ خاک کردی گئی۔پولیس کے مطابق مقتول کو دو روز قبل نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ لاش کو شناخت اور ورثا کی تلاش کے لیے مقررہ طریقہ کار کے تحت رکھا گیا، تاہم مقررہ مدت کے دوران کسی اہلِ خانہ یا قریبی عزیز نے رابطہ نہیں کیا۔پولیس حکام کے مطابق نامعلوم مقتول کی شناخت اور اس کے اہلِ خانہ تک رسائی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ دونوں واقعات کی تحقیقات مختلف پہلوں سے جاری ہیں اور مزید شواہد سامنے آنے کے بعد صورتحال واضح ہونے کا امکان ہے۔



