
کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں محکمہ جنگلات میں سرکاری ملازمتوں کی پوسٹیں مبینہ طور پر فروخت ہونے کے الزام پر شدید بحث ہوئی۔ صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے دعوی کیا کہ ان کے دو اضلاع کی سرکاری پوسٹیں فروخت کی جارہی ہیں، جبکہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے معاملے کو سنگین قرار دیتے ہوئے تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کرنے کی رولنگ دے دی۔اجلاس کے دوران صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے الزام عائد کیا کہ محکمہ جنگلات میں ان کے دو اضلاع کی پوسٹیں فروخت ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس اس حوالے سے تمام ثبوت موجود ہیں اور وہ انہیں قائم کی جانے والی انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش کریں گے۔اس موقع پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے کہا کہ یہ ایک بڑا الزام ہے، اس لیے معاملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گھر کی بات گھر میں رہے تو بہتر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ کسی صورت سرکاری پوسٹیں فروخت نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعلی نے کہا کہ اگر محکمہ جنگلات میں پوسٹیں فروخت ہونے کا الزام درست ثابت ہوا تو متعلقہ وزیر اور سیکرٹری اپنے عہدوں پر نہیں رہیں گے۔میر سرفراز بگٹی نے اسپیکر سے کہا کہ انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے اور تمام ثبوت سامنے لائے جائیں، حکومت معاملے پر کارروائی کرے گی۔ انہوں نے تجویز دی کہ کمیٹی کو مکمل اختیارات حاصل ہوں اور ضرورت پڑنے پر وہ وزیراعلی کو بھی طلب کرسکے۔وزیراعلی بلوچستان نے معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔بعد ازاں اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے رولنگ دیتے ہوئے محکمہ جنگلات میں بھرتیوں کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ تحقیقات صرف محکمہ جنگلات تک محدود نہیں رہنی چاہئیں بلکہ دیگر محکموں میں ہونے والی بھرتیوں کا بھی جائزہ لیا جائے۔پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے بھی مطالبہ کیا کہ تحقیقات کا دائرہ صرف محکمہ جنگلات تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ دیگر سرکاری محکموں میں ہونے والی بھرتیوں کا بھی جائزہ لیا جائے تاکہ میرٹ، شفافیت اور قواعد و ضوابط کی پابندی یقینی بنائی جاسکے۔اسمبلی میں بحث کے دوران ارکان نے سرکاری ملازمتوں میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے اور بھرتیوں کے عمل میں قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی پر زور دیا۔



