
چاغی (یو این اے )چاغی کے علاقے ماہیان کور کی نجی مائنز سے اغوا ہونے والے گلگت سے تعلق رکھنے والے چاروں افراد بھی بحفاظت بازیاب ہوکر اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں، جس کے بعد واقعے میں اغوا کیے گئے تمام سات افراد کی بازیابی مکمل ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق 10 اگست کو ماہیان کور میں واقع نجی مائنز پر مسلح افراد نے حملہ کرکے وہاں موجود سات افراد کو اغوا کرلیا تھا۔ مغویوں میں تین افراد کا تعلق ضلع چاغی جبکہ چار افراد گلگت سے تھا۔ذرائع کے مطابق گلگت سے تعلق رکھنے والے مغویوں میں وجاہت، واجد، شاہد اور صابر شامل تھے، جبکہ چاغی کے رہائشی ضیا الدین، شاہ سلیم اور سعید محمد کو بھی مسلح افراد اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے چاغی سے تعلق رکھنے والے تینوں مغوی بھی بحفاظت بازیاب ہوکر اپنے گھروں کو پہنچ گئے تھے، جبکہ گزشتہ روز گلگت کے رہائشی وجاہت، واجد، شاہد اور صابر بھی بازیاب ہوکر واپس پہنچ گئے۔ماہیان کور کی نجی مائنز سے اغوا کیے گئے تمام سات افراد کی بحفاظت بازیابی کے بعد مغویوں کے اہلخانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، تاہم اغوا کے واقعے میں ملوث مسلح افراد سے متعلق مزید معلومات سامنے نہیں آسکی ہیں۔



