
کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر میر صادق عمرانی نے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے گزشتہ روز اپنی گفتگو سے کسی کی دل آزاری ہونے پر معذرت کی اور کہا کہ ہم سب نے حلف لیا ہے کہ سچ بولیں گے، تاہم اسمبلی میں کی گئی بعض باتوں کو بعض میڈیا نمائندوں نے غلط انداز میں پیش کیا۔میر صادق عمرانی نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ بلوچستان کی ترقی کی بات کی ہے اور کبھی نظریہ پاکستان کے خلاف نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر فورم پر تجاویز پیش کی ہیں، جبکہ تمام شخصیات کا عزت و احترام کرتے ہیں۔صوبائی وزیر نے دو روز قبل بلوچستان اسمبلی میں پیش کی جانے والی مذمتی قرارداد کو خلاف قانون قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ ثابت ہوجائے کہ قرارداد قانون کے منافی تھی تو اسے منسوخ کیا جائے۔اس موقع پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قانون سے ہٹ کر کوئی کارروائی نہیں کی۔



