
کوئٹہ (یو این اے)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پہلے دن سے واضح کرتے آرہے ہیں کہ بلوچستان کے لوگوں کی نوکریاں کسی صورت فروخت نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے سرکاری ملازمتوں کی مبینہ فروخت سے متعلق الزامات کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کردیا۔وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ نوکریوں کی فروخت سے متعلق الزامات کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور اگر الزامات ثابت ہوگئے تو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب نوکریوں کی فروخت کا معاملہ بلوچستان اسمبلی میں زیر بحث آئے گا اور اس حوالے سے حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں گے۔میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ تحقیقاتی کمیٹی اپوزیشن لیڈر کی سربراہی میں تشکیل دی جائے اور کمیٹی 10 روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کی پوسٹوں پر جاری بھرتی کا عمل بھی 10 روز کے لیے روکنے کی ہدایت کردی۔وزیراعلی نے کہا کہ سرکاری ملازمتیں بلوچستان کے نوجوانوں کا حق ہیں اور بھرتیوں کے عمل میں میرٹ، شفافیت اور قانون کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جائے گی۔



