بلوچستان میں سرکاری نوکریوں کی سرعام بولیاں لگ رہی ہیں
زیارت کراس پر 80 فیصد مشینری جلا دی گئی، صوبائی وزیرنور محمد دمڑ

کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے زیارت کراس پر دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ کوئٹہ زیارت شاہراہ کی تعمیر کے لیے ٹھیکیدار کی مشینری زیارت کراس پر موجود تھی جسے دہشت گردوں نے نشانہ بنایا۔نور محمد دمڑ نے کہا کہ دہشت گردوں نے ٹھیکیدار کی تقریبا 80 فیصد مشینری جلا دی ہے، جس سے تعمیراتی منصوبے کو بھاری نقصان پہنچا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے نتیجے میں تباہ ہونے والی مشینری کا معاوضہ ٹھیکیدار کو ادا کیا جائے تاکہ شاہراہ کی تعمیر کا کام مزید متاثر نہ ہو۔صوبائی وزیر نے بلوچستان اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مزید الزام عائد کیا کہ زیارت اور سنجاوی میں محکمہ جنگلات کی سرکاری پوسٹس مبینہ طور پر فروخت کی جارہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دونوں اضلاع میں محکمہ جنگلات کی ان پوسٹس کو منسوخ کیا جائے اور بھرتیوں کے عمل کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔نور محمد دمڑ نے کہا کہ سرکاری نوکریوں کی سرعام بولیاں لگائی جارہی ہیں، جو میرٹ اور نوجوانوں کے حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمتوں میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے تاکہ اہل اور مستحق نوجوانوں کو ان کا حق مل سکے۔



