
دکی(یو این اے) دکی کے علاقے جھالار میں مسلح افراد نے سردار اکبر خان ناصر کی زمینداری پر تعینات چوکیداروں پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں تین چوکیدار جاں بحق ہوگئے جبکہ دو تاحال لاپتہ ہیں۔ایس پی دکی منصور احمد بزدار کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں غنو ولد خدائیداد، آغا جان اور عزت خان شامل ہیں، جن کا تعلق افغانستان سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق تینوں افراد جھالار میں سردار اکبر خان ناصر کی زمینداری پر بطور چوکیدار تعینات تھے۔پولیس نے جاں بحق افراد کی لاشیں ہسپتال منتقل کردی ہیں۔ ایس پی دکی کے مطابق نادر خان اور بشیر خان نامی دو چوکیدار تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔پولیس کے مطابق جھالار دکی سے تقریبا ایک گھنٹے کی مسافت پر جنوب میں واقع پہاڑی علاقہ ہے، جہاں اس سے قبل بھی سردار اکبر خان ناصر کی زمینداری پر تعینات چوکیداروں کو متعدد مرتبہ نشانہ بنایا جاچکا ہے۔پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔



