
کوئٹہ )یو این اے( وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات میں سیکیورٹی فورسز جبکہ بھاگ کچھی میں بلوچستان پولیس اور اے ٹی ایف کی کامیاب کارروائیوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے سیکیورٹی اداروں کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی بروقت اور مثر کارروائیاں امن دشمن عناصر کے خلاف ریاست کے مضبوط عزم کی عکاس ہیں۔ بلوچستان کے امن کے لیے سیکیورٹی فورسز، پولیس اور اے ٹی ایف کی خدمات اور قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ بلوچستان پولیس اور اے ٹی ایف نے بھاگ کچھی میں ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے، عوام اور ریاستی ادارے متحد ہیں۔ حکومت امن دشمن عناصر کے خلاف صفر برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے قلات اور بھاگ کچھی کی کارروائیوں میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔



