

کوئٹہ (یو این اے)بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج نہ صرف ان کے والدِ محترم سردار عطااللہ مینگل کی پانچویں برسی منائی جا رہی ہے بلکہ گزشتہ سال 2 ستمبر کو ان کی چوتھی برسی کے سلسلے میں شاہوانی اسٹیڈیم سریاب کوئٹہ میں منعقدہ جلسے کے دوران خودکش بم دھماکے میں ان کے چاہنے والے اور پیروکار شہید جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے تھے۔سردار اختر مینگل نے کہا کہ سانحے کو ایک سال گزرنے کے باوجود یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ ریاست اور ریاستی اداروں کی جانب سے واقعے کی روک تھام، اصل مجرموں اور ان کے سہولت کاروں تک پہنچنے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک سال گزرنے کے بعد بھی اس واقعے کی تحقیقات میں کیا پیش رفت ہوئی اور کیا حملے میں ملوث مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی؟بی این پی سربراہ نے کہا کہ ریاستی ادارے مختلف مواقع پر یہ بیانات دیتے ہیں کہ سیکیورٹی اور خفیہ اداروں نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران دہشت گردی کے منصوبے ناکام بنائے اور دہشت گردوں کو ہلاک کیا، تو پھر شاہوانی اسٹیڈیم کے سانحے کے ذمہ دار عناصر کے بارے میں بھی شہدا کے لواحقین کو آگاہ کیا جانا چاہیے۔سردار اختر مینگل نے سوال کیا کہ کیا وہ اور سانحے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین یہ جاننے کا حق نہیں رکھتے کہ واقعے کے اصل ذمہ داروں اور سہولت کاروں کے خلاف کیا کارروائی ہوئی اور تحقیقات کہاں تک پہنچی ہیں؟انہوں نے اپنے بیان میں سیاسی قیادت اور ریاستی نظام پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایسے سوالات آخر کس سے کیے جائیں۔سردار اختر مینگل نے اپنے بیان کے اختتام پر معروف شعر درج کرتے ہوئے کہا:”میں کس کے ہاتھ پہ اپنا لہو تلاش کروںتمام شہر نے پہنے ہوئے ہیں دستانے”



