
کوئٹہ(یو این اے)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس صدر بی یو جے منظور احمد رند کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں بی یو جے کے سنیئر نائب صدر فرید اللہ خان ، جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین ، سیکرٹری فنانس عصمت امان سمالانی ، ممبران ایگزیکٹو کونسل سلیم شاہد ، شہزادہ ذوالفقار ،رضا الرحمان ، غلام مرتضی زہری ،عامر محمد خان نے شرکت کی ۔ اجلاس میں یوم شہدا صحافت کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور شہدا صحافت کا دن بھرپور انداز میں منانے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ 28 اگست بروز جمعہ بعد نماز جمعہ کوئٹہ پریس کلب میں بلوچستان کے شہید صحافیوں کی یاد میں سیمنار کا انعقاد کیاجائے گا جس میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے ساتھ وکلا تنظیموں، انسانی حقوق کی تنظیموں کے رہنما ، شہید صحافیوں کے اہل خانہ شرکت کریں گے ۔ اس موقع پر اجلاس کے شرکا نے تمام انتظامات مکمل کرنے کی منظوری دی اور کہا کہ بلوچستان کے صحافی آج بھی مشکل ترین حالات میں فیلڈ میں کام کر رہے ہیں جہاں ہر طرف سے انہیں خطرات لاحق ہیں شہید صحافیوں نے فرائض کی انجام دہی میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے بی یو جے اپنے شہید صحافیوں کو کبھی نہیں بھولے گی اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔



