
کوئٹہ (یو این اے)12 ربیع الاول المبارک، جشن عید میلاد النبی ۖکل 26 اگست کو کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں مذہبی عقیدت، احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس موقع پر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں محافل میلاد، نعت خوانی، سیرت النبی ۖ کانفرنسز اور دیگر مذہبی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔جشن میلاد النبی ۖ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر اضلاع میں پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری حساس مقامات، مساجد، مذہبی اجتماعات اور جلوس کے روٹس پر تعینات رہے گی، جبکہ سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔سیکیورٹی انتظامات کے تحت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر اضلاع میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہے گی۔ انتظامیہ کے مطابق مواصلاتی سہولیات کی عارضی بندش سیکیورٹی انتظامات کا حصہ ہے تاکہ مذہبی اجتماعات کے دوران امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔کوئٹہ میں مرکزی جلوس سریاب روڈ، منو جان روڈ اور طوغی روڈ سے برآمد ہوکر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا میزان چوک پہنچے گا، جہاں مرکزی جلوس اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس میں علما کرام، مذہبی شخصیات اور عاشقان رسول ۖ کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔مرکزی جلوس کے دوران شرکا درود و سلام، نعت خوانی اور ذکر و اذکار میں مصروف رہیں گے جبکہ مختلف مقامات پر سیرت النبی ۖ کے حوالے سے پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔ میزان چوک پر علما کرام اور مقررین حضور اکرم ۖ کی سیرت طیبہ، اخلاق حسنہ، اتحاد امت، اخوت، امن، محبت اور رواداری کے پیغام پر روشنی ڈالیں گے۔ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جلوس کے روٹس، اہم چوراہوں، داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی، جبکہ مشکوک افراد اور اشیا پر کڑی نظر رکھنے کے لیے نگرانی کا مثر نظام بھی قائم کیا گیا ہے۔دوسری جانب ٹریفک پولیس نے مرکزی جلوس کے لیے خصوصی ٹریفک منصوبہ بھی ترتیب دیا ہے۔ جلوس کے دوران مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کو مرحلہ وار متبادل راستوں کی جانب منتقل کیا جائے گا جبکہ اہم چوراہوں، جلوس کے روٹ اور متبادل راستوں پر ٹریفک اہلکار تعینات رہیں گے۔ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر جلوس کے روٹ کی جانب سفر کرنے سے گریز کریں، متبادل راستوں کا استعمال کریں اور اپنی گاڑیاں جلوس کے روٹ، شاہراہوں اور چوراہوں پر پارک نہ کریں۔ ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور دیگر ہنگامی خدمات کے لیے راستہ کھلا رکھنے کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔12 ربیع الاول کے موقع پر بلوچستان میں عام تعطیل ہوگی اور مختلف سرکاری و نجی اداروں میں معمول کی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں محافل میلاد، نعتیہ پروگرام، سیرت النبی ۖ کانفرنسز اور دیگر مذہبی اجتماعات منعقد ہوں گے۔کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں مساجد، مدارس، گھروں، دکانوں اور کاروباری مراکز کو سبز جھنڈیوں، بینرز اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ شہری جشن میلاد النبی ۖ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔انتظامیہ نے تمام مکاتب فکر کے علما، مذہبی رہنماں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مذہبی رواداری، بھائی چارے اور امن کو فروغ دیں، سیکیورٹی اہلکاروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا لاوارث چیز کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔حکام کے مطابق کوئٹہ میں پولیس، ایف سی، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ فرائض انجام دیں گے جبکہ سیکیورٹی اور ٹریفک صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔



