
کوئٹہ (پ۔ر) نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر احمد محمدشہی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز پارٹی کی جانب سے جاری بیان سے ہزارہ قوم کی دل آزاری ہوئی، نیشنل پارٹی کسی بھی قوم یا طبقے کی دل آزاری نہیں چاہتی۔انہوں نے کہا کہ ہزارہ قوم کا بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ہے اور وہ ہمیشہ بلوچستان کے قومی مفادات کے تحفظ کی جدوجہد میں شامل رہی ہے۔میر کبیر احمد محمدشہی نے کہا کہ نیشنل پارٹی ایک سیاسی، قومی اور جمہوری جماعت ہے جو بلوچستان میں آباد تمام اقوام کی نمائندگی کرتی ہے۔ پارٹی تمام قوموں کے درمیان باہمی احترام، سیاسی رواداری، بھائی چارے اور قومی ہم آہنگی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ بیان سے پیدا ہونے والی صورتحال کو پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں زیر غور لایا جائے گا۔ اس لیے پارٹی کے تمام ذمہ داران اور کارکنان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اس معاملے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس، پارٹی گروپس یا دیگر ذرائع پر بحث و مباحثے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان میں بسنے والی تمام اقوام کے درمیان اتحاد، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دینے کی اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔



