بلوچستانتازہ ترینپاکستان

ایف آئی اے کا کیسکو کے سی ای او اور چیف انٹرنل آڈیٹر کے خلاف مقدمہ درج

دوہری ملازمت، جعلسازی، دھوکہ دہی اور اختیارات کے ناجائز استعمال تحقیقات شروع

ایف آئی آر میں دونوں افسران کے خلاف متعدد دفعات شامل، مزید کارروائی کا امکان
ایف آئی آر میں دونوں افسران کے خلاف متعدد دفعات شامل، مزید کارروائی کا امکان

کوئٹہ )یو این اے( وفاقی تحقیقاتی ایجنسی بلوچستان زون نے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر یوسف شاہ خان اور چیف انٹرنل آڈیٹر محمد احمد بلال کے خلاف دوہری ملازمت، جعلسازی، دھوکہ دہی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کوئٹہ کی جانب سے 4 اگست 2026 کو درج ایف آئی آر نمبر FIR-ACC-QTA-53/26 کے مطابق مقدمہ محمد احمد بلال ولد جلال الدین اور یوسف شاہ خان ولد رحمت شاہ خان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق محمد احمد بلال پر الزام ہے کہ وہ بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز میں ڈپٹی ڈائریکٹر آڈٹ کی حیثیت سے ملازمت کے دوران کیسکو میں چیف انٹرنل آڈیٹر کے عہدے کے لیے امیدوار بنے اور اپنی سابقہ ملازمت سے متعلق بعض حقائق مبینہ طور پر چھپائے۔ایف آئی اے کے مطابق دستاویزی شواہد سے ظاہر ہوا کہ محمد احمد بلال نے 22 ستمبر 2021 سے 30 جون 2022 تک بیوٹمز سے رخصت حاصل کی اور اسی عرصے کے دوران کیسکو میں ملازمت اختیار کی۔ الزام ہے کہ جون 2022 میں کیسکو کو جمع کرائے گئے کوائف میں انہوں نے بیوٹمز میں اپنی ملازمت ختم ہونے کی تاریخ 21 ستمبر 2021 ظاہر کی، حالانکہ وہ اس ادارے کے ملازم تھے۔ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس طرح مبینہ طور پر دوہری ملازمت کرتے ہوئے دونوں اداروں سے تنخواہیں اور دیگر مراعات حاصل کی گئیں۔دوسری جانب ایف آئی اے نے کیسکو کے اس وقت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر یوسف شاہ خان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ محمد احمد بلال کی مبینہ دوہری ملازمت سے آگاہ تھے، تاہم ان کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے کنٹریکٹ میں توسیع کی گئی۔ایف آئی آر کے مطابق کیسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور انسانی وسائل کی سفارشات کو نظرانداز کرتے ہوئے مئی 2025 میں محمد احمد بلال کے کنٹریکٹ میں ایک سال کی مبینہ طور پر غیر قانونی توسیع کی گئی۔ایف آئی اے کے مطابق وزارت توانائی کے پاور ڈویژن نے 30 مارچ 2026 کو تمام تقسیم کار کمپنیوں کو رخصت کی بنیاد پر سی سطح کی تقرریوں سے روکنے کی ہدایت کی تھی، تاہم الزام ہے کہ کیسکو کے سی ای او نے یکم جون 2026 کو دفتری حکم جاری کرکے محمد احمد بلال کے کنٹریکٹ میں مزید چھ ماہ کی توسیع کردی۔ایف آئی آر میں مزید الزام ہے کہ محمد احمد بلال کے خلاف اندرونی انکوائری شروع ہونے کے بعد کیسکو کے اس وقت کے سی ای او، جو انکوائری کے کنوینر بھی تھے، نے کارروائی کو مبینہ طور پر قبل از وقت ختم کرا دیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ضابطہ فوجداری کی دفعہ 160 کے تحت جاری نوٹس کا جواب دینے سے بھی سی ای او نے مبینہ طور پر انکار کیا۔ایف آئی اے نے دونوں ملزمان کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 5(2) جبکہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 417، 419، 420، 468، 471، 34 اور 109 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق کیس کی تفتیش سب انسپکٹر رانا رشید رضا کے سپرد کی گئی ہے، جبکہ ایف آئی آر کی نقول متعلقہ اعلی حکام، خصوصی عدالت برائے انسداد بدعنوانی کوئٹہ اور دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کردی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ایف آئی اے کی انکوائری نمبر 341/2025 کی روشنی میں کی گئی، جس میں کیسکو میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور جعلی تقرریوں سے متعلق شواہد سامنے آئے تھے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق مقدمے کی تفتیش میرٹ پر جاری ہے اور تحقیقات کے دوران مزید شواہد سامنے آنے کی صورت میں کارروائی کا دائرہ وسیع کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button