
نیویارک(یو این اے) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین نے اضافی وقت میں ارجنٹینا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا، تاہم میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی اور دھکم پیل نے جشن کا رنگ پھیکا کر دیا۔میچ کے مقررہ 90 منٹ بغیر کسی گول کے برابر رہے، جس کے بعد مقابلہ اضافی وقت میں داخل ہوا۔ اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں اسپین کے متبادل کھلاڑی فیران ٹوریس نے فیصلہ کن گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی اور اسپین نے 16 برس بعد دوسری مرتبہ ورلڈ کپ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔میچ ختم ہونے کی آخری سیٹی کے فورا بعد، جب اسپین کے کھلاڑی فتح کا جشن منانے کے لیے میدان میں آئے، تو ارجنٹینا کے مڈفیلڈر لیاندرو پریڈیس نے اسپین کے کھلاڑی گاوی کو دھکا دے کر گرا دیا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آمنے سامنے آگئے اور میدان میں دھکم پیل شروع ہوگئی۔صورتحال اس وقت قابو میں آئی جب ارجنٹینا کے ہیڈ کوچ لیونیل اسکالونی نے فوری مداخلت کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو پرسکون کیا۔ رپورٹس کے مطابق واقعے پر لیاندرو پریڈیس کو براہِ راست ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر لیاندرو پریڈیس کے رویے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ متعدد صارفین اور مبصرین نے اسے غیر کھیلوں کے جذبے کے منافی قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا، جبکہ بعض حلقوں نے ان پر بین الاقوامی فٹبال سے تاحیات پابندی عائد کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔



