گوادر میں چینی کمپنی کا فیکٹری بند کرنے اور تمام ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان
May 1, 2026
انتظامی رکاوٹوں اور بھاری مالی نقصان کے باعث آپریشنز جاری رکھنا ناممکن ہو چکا، سرمایہ کار ادارے کا بیانگوادر میں کام کرنے والے معروف چینی سرمایہ کار ادارے ‘ہان گینگ گروپ’ نے آپریشنل رکاوٹوں اور مسلسل درپیش انتظامی چیلنجز کے باعث پاکستان اور چین میں اپنے تمام آپریشنز فوری طور پر بند کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یکم مئی 2026 کو مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر جاری بیان میں کمپنی نے بتایا کہ چائنا کسٹمز اور بین الاقوامی فوڈ سیفٹی معیارات (HACCP) پر پورا اترنے کے باوجود برآمدات کے لیے ضروری منظوری حاصل کرنے میں مسلسل ناکامی کا سامنا رہا، جس کی وجہ سے فیکٹری کو تالے لگانے اور تمام ملازمین کو فارغ کرنے کا انتہائی قدم اٹھانا پڑا۔
کمپنی کے مطابق گزشتہ تین ماہ سے جاری انتظامی غیر یقینی کی وجہ سے انہیں تنخواہوں، بجلی کے بلوں اور کنٹینرز کے ڈیمرج کی مد میں بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ کمپنی نے واضح کیا کہ گوادر پورٹ اور سی پیک جیسے اہم منصوبوں کا حصہ ہونے کے باوجود انہیں ایسے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا جو کسی بھی نجی ادارے کے بس سے باہر ہیں۔ یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیر اعظم پاکستان چین کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔ ہان گینگ گروپ نے دیگر چینی سرمایہ کاروں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری سے قبل پالیسیوں کے نفاذ میں موجود خلیج کا باریک بینی سے جائزہ لیں۔