
یو اے ای کی وزارتِ انسانی وسائل و اماراتائزیشن کے مطابق اس اصلاحاتی اقدام کا مقصد ملازمتوں کے حصول اور بھرتی کے عمل کو تیز اور آسان بنانا ہے۔
نئی پالیسی کے تحت ورک پرمٹ درخواستوں میں مطلوبہ معلومات کے خانے 75 سے 97 فیصد تک کم کر دیے گئے ہیں، جبکہ پرمٹ جاری کرنے کا دورانیہ بھی مختصر کیا گیا ہے۔
اس فیصلے سے پاکستانیوں سمیت غیر ملکی کارکنوں کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہر ماہ تقریباً 30 ہزار پاکستانی اماراتی ویزے حاصل کرتے ہیں۔
دستاویزات کی شرط ختم کیے جانے والی 13 اقسام میں بیرونِ ملک سے بھرتی، ملازمت کی منتقلی، گولڈن ریزیڈنسی، فری لانس، پارٹ ٹائم، عارضی اور مشن ورک پرمٹس شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اہلِ خانہ کی کفالت پر مقیم افراد، نجی ٹیوشن، طلبہ کی تربیت و ملازمت، 15 سے 18 سال سے کم عمر نوجوانوں، اماراتی و جی سی سی شہریوں اور نیشنل ٹرینیز کے ورک پرمٹس بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
وزارت کے مطابق تمام 13 سروسز متحدہ ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے دستیاب ہوں گی، جس سے آجر آن لائن درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات کا مقصد کاروباری اداروں کو سہولت فراہم کرنے، کارکنوں کے حقوق کے تحفظ اور لیبر مارکیٹ کو مزید مؤثر بنانے کے ساتھ سرکاری خدمات کو آسان بنانا ہے۔



