
اسمبلی اجلاس کے دوران سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ 2013 میں تمام مادری زبانوں میں تعلیم دینے کا قانون منظور کیا گیا تھا، اس لیے بچوں کو ان کی مادری زبانوں سے محروم نہ کیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسمبلی سے منظور شدہ قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ عربی زبان کی تعلیم سے متعلق قرارداد کی حمایت بھی کی۔
رکن صوبائی اسمبلی کلثوم بلوچ نے کہا کہ مادری زبانوں کو بھی نصاب کا حصہ بنایا جائے، کیونکہ جو قومیں اپنی زبان، تمدن اور ثقافت کو زندہ نہیں رکھتیں، وہ اپنی شناخت کھو دیتی ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ درانی نے بتایا کہ منظور شدہ ایکٹ کے تحت تعلیمی اداروں میں قرآن پاک ناظرہ اور ترجمے کے ساتھ پڑھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عربی زبان کو نصاب میں شامل کیا گیا ہے اور قرآن پاک چھوٹی سے بڑی جماعتوں تک پڑھایا جاتا ہے۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں مختلف زبانیں بولی جاتی ہیں، اس لیے تمام مادری زبانوں کو نصاب میں شامل کرنا ایک مشکل اقدام ہے۔



