
امریکا کی کارنیل یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے نمک کے ذرے سے بھی چھوٹا دماغی آلہ تیار کرلیا ہے، جو ایک سال سے زائد عرصے تک دماغ کی برقی سرگرمی ریکارڈ کرکے وائرلیس طریقے سے منتقل کرسکتا ہے۔
سائنسی جریدے نیچر الیکٹرانکس میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق اس آلے کی لمبائی صرف 300 مائیکرون اور چوڑائی 70 مائیکرون ہے۔
یہ آلہ سرخ اور انفرا ریڈ لیزر شعاعوں سے توانائی حاصل کرتا ہے، جبکہ دماغی سگنلز کو انفرا ریڈ روشنی کی لہروں کے ذریعے باہر منتقل کرتا ہے۔
تحقیق کے سربراہ پروفیسر الیوشا مولنار کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا انتہائی چھوٹا آلہ ہے، جو دماغی برقی سرگرمی ریکارڈ کرنے اور معلومات وائرلیس طریقے سے منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سائنس دانوں نے ابتدائی تجربات خلیوں پر کیے، جس کے بعد اسے چوہوں کے دماغ کے اس حصے میں نصب کیا گیا جو مونچھوں کے ذریعے محسوس ہونے والی معلومات کو پراسیس کرتا ہے۔
ایک سال تک جاری رہنے والے تجربے میں آلے نے دماغی خلیوں کی سرگرمی کامیابی سے ریکارڈ کی، جبکہ چوہے صحت مند اور متحرک رہے۔
محققین کے مطابق مستقبل میں اس ٹیکنالوجی کے ذریعے ایم آر آئی اسکین کے دوران بھی دماغی برقی سرگرمی ریکارڈ کرنا ممکن ہوسکے گا۔ اس کے علاوہ اسے ریڑھ کی ہڈی اور جسم کے دیگر حصوں میں استعمال کرنے کے امکانات بھی موجود ہیں۔



