
بھارتی ریاست بہار کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی آن لائن حاضری کے نظام میں بڑی تبدیلی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تصویر کے ذریعے حاضری میں بے ضابطگیوں کی شکایات کے بعد اب چہرے کی شناخت اور آنکھ کی پتلی (آئرس اسکین) کی جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔
نئے نظام کے تحت اساتذہ کے چہرے اور آنکھوں کی شناخت کا پہلے سے رجسٹرڈ ڈیٹا سے موازنہ کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ موبائل کے جی پی ایس کے ذریعے بھی استاد کی موجودگی کی تصدیق کی جائے گی تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ وہ اسکول کے احاطے میں موجود ہیں۔
اساتذہ کو اپنے موبائل فون میں محکمہ تعلیم کی حاضری ایپ کھول کر ای-کے وائی سی کا عمل مکمل کرنا ہوگا۔
حاضری درج کرنے کے لیے ایپ میں موجود ’کیپچر اٹینڈنس‘ کے بٹن پر کلک کرنا ہوگا، جس کے بعد شناخت اور مقام کی تصدیق کی جائے گی۔



