
جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی کابینہ کے وزرا کو کرپشن کے معاملے پر سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی وزیر کے خلاف کرپشن کی شکایت سامنے آئی تو قسم کھاتی ہوں، اسے بخشوں گی نہیں۔
جہلم میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کرپشن کے خلاف بیانیہ بنانے والوں کو اچھی طرح جانتی ہوں، یہ لوگ اپنی اگلی ارینجمنٹ کررہے ہیں، اگر انہیں اعتراض ہے تو استعفیٰ کیوں نہیں دیتے؟
انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کی تربیت ہی ایسے ماحول میں ہوئی ہے جہاں وہ پوچھتے تھے کہ کتنی رشوت لینی ہے، اب وہ بھاگ کر باہر بیٹھے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کئی سال کرپشن کا بازار گرم رہا، کیا سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کرپشن نہیں ہوتی؟ جنہیں کرپشن پر اعتراض ہے وہ وزارتوں پر کیوں بیٹھے ہیں؟



