
غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز نے امریکی جریدے ‘دی انفارمیشن’ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ چینی کاروباری خاتون ایلیس ہوانگ نے اپنے شوہر اور بہن کے ساتھ مل کر چین اور سنگاپور میں کمپنیوں کا ایک وسیع نیٹ ورک قائم کیا، جس کا مقصد اینویڈیا کی چپس حاصل کرنا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اس نیٹ ورک کے مرکز میں ‘شنگھائی سینچری لیٹونگ’ نامی چینی کمپنی تھی، جس کی بنیاد جون 2023 میں رکھی گئی تھی۔ اس کمپنی نے اکتوبر تک اینویڈیا کے ساتھ ‘پریفرڈ کلاؤڈ پارٹنر’ کا درجہ حاصل کرلیا تھا، جس کے باعث اسے کمپنی کی چپس تک ترجیحی رسائی مل گئی۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی برآمدی پابندیوں کے باعث اینویڈیا چپس کے آرڈرز روکے جانے کے بعد ایلیس ہوانگ نے کمپنی اور اس کے ڈسٹری بیوٹرز کے ساتھ اپنے تعلقات استعمال کرتے ہوئے چپس کی سپلائی یقینی بنائی۔ اس نیٹ ورک کے ذریعے تقریباً 2 لاکھ 40 ہزار H-100، H-200 اور بعض A-100 چپس امریکی پابندیوں کے باوجود چین منتقل کی گئیں، جن کی مالیت کم از کم 7.5 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔
دوسری جانب اینویڈیا کے بورڈ نے کمپنی کے بانی اور سی ای او جینسن ہوانگ کے مبینہ طور پر غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسی کی کارروائی کا نشانہ بننے کے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ یہ پیشرفت ایک میڈیا رپورٹ کے بعد سامنے آئی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ جینسن ہوانگ کے چینی حکام کو معلومات فراہم کرنے والی کاروباری خاتون سے قریبی تعلقات تھے۔
رپورٹ کے مطابق جینسن ہوانگ نے اپنے ملازمین کو بھیجے گئے پیغام میں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے اس عمل کی مکمل ذمہ داری قبول کی ہے۔ تاہم اینویڈیا کا کہنا ہے کہ جینسن ہوانگ بغیر کسی تعطل کے کمپنی کی قیادت جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی اخبار ‘نیویارک ٹائمز’ نے گزشتہ ماہ بھی جینسن ہوانگ کے ایلیس ہوانگ نامی خاتون سے تعلقات کی رپورٹ شائع کی تھی، جو سنگاپور میں قائم کمپنی ‘میگا اسپیڈ’ کی سابق ایگزیکٹو ہیں۔
امریکی حکام نے تحقیقات کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا تھا کہ ایلیس ہوانگ چینی انٹیلی جنس ایجنسی کی ایجنٹ تھیں۔ تاہم ان الزامات اور چپس کی ترسیل سے متعلق دعوؤں کی آزادانہ تصدیق ضروری ہے۔



