
بلوچستا ن اعوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سینیٹر منظور خان کاکڑ نے کہا ہے کہ نوجوان سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کا استعمال ایسے مثبت انداز میں کریں جس سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہونے کے بجائے مثبت پیغام عام ہو، جبکہ نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم آباد، ایئرپورٹ روڈ کوئٹہ میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ اور شکریہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام کا اہتمام منظور خان کاکڑ کاروان کے مولانا سیف اللہ خان نے کیا تھا، جس میں علاقے کے سفید ریش، معتبرین اور عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر مولانا سیف اللہ، مولانا عصمت اللہ، ضیا خان ترین، حاجی عبداللہ خان زادران، حاجی بور جان ترین، حافظ نائیک محمد کاکڑ، اقبال آغا، نور زمان، حمید اللہ ناصر اور چیف خدائی رحیم سمالانی سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔سینیٹر منظور خان کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے علاقے کے مسائل، مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل میں شروع کی جانے والی ترقیاتی اسکیموں سے متعلق گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ سوشل میڈیا سمیت ہر دستیاب فورم کو مثبت مقاصد کے لیے استعمال کریں اور ایسا مواد پھیلانے سے گریز کریں جو معاشرتی بگاڑ کا سبب بنے۔ تعلیم کے فروغ اور نئی نسل کی بہتر تربیت کے ذریعے ایک مثبت اور ذمہ دار معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔



