
کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سابق وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ موجودہ جنگ کے بینیفشری ہیں، چند عناصر اپنے کاروباری مفادات، سیاسی دکان داری اور نااہل حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لیے بلوچستان کے حالات خراب کر رہے ہیں۔ایک انٹرویو کے پہلے حصے میں اظہار خیال کرتے ہوئے آغا حسن بلوچ نے کہا کہ آئے روز لوگوں کی کردار کشی کی جارہی ہے اور بلوچستان کے رسم و رواج اور روایات کو پاں تلے روندا جا رہا ہے۔ اسلام آباد میں بیٹھے حکام کو بلوچستان کے معروضی حالات کا جائزہ لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے موقع پر بی این پی کے چار ووٹ دینے کے نتیجے میں اگر 300 سے زائد افراد بازیاب ہوئے تو یہ گھاٹے کا سودا نہیں تھا، کیونکہ اس عمل میں بی این پی کا کوئی ذاتی مفاد نہیں تھا۔آغا حسن بلوچ کا کہنا تھا کہ سرفراز بگٹی اور انوار الحق کاکڑ کہتے ہیں کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کا کوئی مسئلہ نہیں، حالانکہ یہ ایک اہم مسئلہ ہے۔ پی ٹی آئی حکومت میں شامل ہونے کے باوجود انہوں نے کوئی وزارت نہیں لی، جبکہ پی ٹی آئی کے دو سالہ دور حکومت میں 400 سے زائد لاپتہ افراد بازیاب ہوئے۔انہوں نے واضح کیا کہ بی این پی نے کبھی یہ مطالبہ نہیں کیا کہ انہیں نگراں حکومت میں وزیراعظم بنایا جائے یا بلوچستان میں حکومت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ سردار اختر جان مینگل اور مشر محمود خان اچکزئی بلوچستان کے حقیقی رہنما ہیں، جبکہ عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر جماعتیں ترقی پسند سیاسی جماعتیں ہیں۔ ان کے بقول پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) فارم 47 کی جماعتیں ہیں۔



