
کوئٹہ: وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے بلوچستان حکومت اور وزیراعلی میر سرفراز بگٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان اسمبلی سے لاپتہ افراد سے متعلق منظور کیے گئے انسدادِ دہشت گردی بلوچستان ترمیمی ایکٹ 2025 پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور لاپتہ افراد کے معاملے پر کیے گئے وعدوں کو عملی شکل دی جائے۔اپنے بیان میں نصراللہ بلوچ نے کہا کہ منظور شدہ قانون میں گواہوں کے تحفظ سے متعلق بعض نکات پر انہیں تحفظات ہیں، تاہم وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو چاہیے کہ وہ لاپتہ افراد کے مسئلے کے حل کے حوالے سے اپنا وعدہ پورا کریں۔ بلوچستان میں جتنی جلدی یہ مسئلہ حل ہوگا، اتنی ہی جلد امن کی راہ ہموار ہوگی۔انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر منفی سوچ ختم کرنے اور اس مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ 2019 اور 2020 کے دوران اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات کیے گئے تھے، جن کے نتیجے میں تقریبا 1200 لاپتہ افراد بازیاب ہوئے۔نصراللہ بلوچ کے مطابق 2025 میں موجودہ حکومت نے بلوچستان اسمبلی سے لاپتہ افراد سے متعلق قانون منظور کرایا، جس کے تحت کسی بھی شخص کو لاپتہ کرنے کے بجائے اس کے اہلخانہ کو اطلاع دینے، مجسٹریٹ کی نگرانی اور حراستی مراکز کے انتظام سمیت قانونی طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ منظور شدہ قانون پر عملدرآمد کرکے لاپتہ افراد کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔



