
کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، مستونگ کے علاقے کڑم ویلی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشن کے دوران مزید 27 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن دو مراحل میں مکمل کیا گیا، پہلے مرحلے میں 15 جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 12 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والوں میں کالعدم تنظیم کا اہم مقامی کمانڈر یاسر پرکانی بھی شامل ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور خودساختہ دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں مزید دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔



