
وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر نے اعلان کیا ہے کہ طویل مشاورت کے بعد نئی آٹو پالیسی کی منظوری دے دی گئی ہے، جس سے گاڑیوں کی قیمتوں میں بتدریج کمی متوقع ہے۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہارون اختر نے کہا کہ نئی پالیسی میں آٹو انڈسٹری کی برآمدات کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ آٹو سیکٹر کی برآمدات 20 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر 6 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ہارون اختر کے مطابق برآمدی اہداف پورے نہ کرنے والے مینوفیکچررز پر جرمانے عائد کیے جائیں گے، جبکہ نئی پالیسی سے گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ صارفین کو پہنچے گا۔



