

اسلام آباد (یو این اے) وفاقی حکومت اور اپوزیشن جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے درمیان کشیدگی کے دوران وفاقی دارالحکومت کے ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے) نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر مبینہ تجاوزات اور عمارت میں اضافی تعمیرات کے معاملے پر نوٹس جاری کردیا ہے۔ نوٹس میں 15 روز کے اندر تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت میں عمل درآمد نہ ہونے پر سی ڈی اے خود کارروائی کرے گا۔تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے 30 اکتوبر کو جاری کیا گیا نوٹس مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر چسپاں کیا گیا۔ نوٹس میں رہائش گاہ کے باہر قائم سکیورٹی گارڈز کا کیبن اور نصب جنریٹر ہٹانے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ عمارت کے اندر تعمیر کیے گئے اضافی کچن کو بھی بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔سی ڈی اے نے نوٹس امان اللہ ولد محمد یونس کو عمارت کے مالک کی حیثیت سے جاری کیا ہے۔ ادارے نے ہدایت کی ہے کہ رہائش گاہ کے باہر قائم مبینہ تجاوزات 15 روز کے اندر ختم کی جائیں، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وفاقی حکومت اور جمعیت علمائے اسلام(ف)کے درمیان سیاسی کشیدگی کے تناظر میں یہ اقدام اہمیت اختیار کرگیا ہے، تاہم دستیاب معلومات کے مطابق سی ڈی اے نے نوٹس میں کارروائی کی بنیاد عمارت اور اس کے اطراف میں مبینہ طور پر بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کو قرار دیا ہے۔



