
کوئٹہ(یو این اے )حکومت بلوچستان نے طویل عرصے سے ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے 72 میڈیکل افسران کو ملازمت سے برطرف کردیا۔ محکمہ صحت کے مطابق برطرف کیے گئے افسران بی پی ایس 17 اور 18 کے ملازمین تھے، جبکہ یہ کارروائی بلوچستان ایمپلائز ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن ایکٹ 2011 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر محکمہ صحت میں اصلاحات اور نظام کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ طویل غیر حاضری اور فرائض میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف کارروائی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت طبی عملے کی غیر حاضری اور ذمہ داریوں سے غفلت کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ تمام طبی عملہ یہ بات ذہن نشین کرلے کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی۔بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ حکومت نے روز اول سے عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا عزم کیا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے محکمہ صحت میں اصلاحات جاری ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر سنجیدہ رویہ اختیار کرنے، ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے اور فرائض میں غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔



