
قلات (یو این اے )ولی عہد شہزادہ پرنس محمد خان احمدزئی کی اہلیہ نے اپنے شوہر کی مبینہ گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بلوچ اقوام، مسلح تنظیموں اور سرکاری و سکیورٹی اداروں سے ان کی فوری اور باحفاظت بازیابی کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔قلات کے شاہی دربار سے جاری بیان میں شہزادہ پرنس محمد خان احمدزئی کی اہلیہ، دختر شہزادہ موسی جان احمدزئی بلوچ نے کہا ہے کہ ان کے شوہر کو لاپتہ ہوئے تین روز سے زائد گزر چکے ہیں، جس کے باعث پورا خاندان شدید اضطراب اور ذہنی کرب کا شکار ہے۔انہوں نے بتایا کہ گمشدگی کے روز ان کا اپنے شوہر سے رابطہ ہوا تھا، جس میں انہوں نے انہیں تسلی دیتے ہوئے کہا تھا کہ پریشان نہ ہوں، وہ جلد واپس آجائیں گے، تاہم تین روز گزرنے کے باوجود ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا اور نہ ہی دوبارہ رابطہ ہو پایا ہے۔بیان میں انہوں نے بحیثیت اہلیہ اور بلوچ اقوام کی بہن اور بیٹی کے طور پر بلوچستان کی تمام مسلح تنظیموں اور سرکاری و سکیورٹی اداروں سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کی صورتحال واضح کریں تاکہ خاندان کی بے چینی اور پریشانی ختم ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ احمدزئی خاندان کی بلوچستان، اس کے عوام اور سرزمین کے لیے تاریخی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں۔ اس نازک صورتحال میں انہوں نے بلوچستان کے تمام نوابوں، سرداروں، سیاسی رہنماں اور قبائلی معتبرین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنا اثر و رسوخ اور کردار بروئے کار لاتے ہوئے ولی عہد شہزادہ پرنس محمد خان احمدزئی کی جلد اور باحفاظت بازیابی میں مدد کریں۔



