
کوئٹہ (یو این اے)کوئٹہ سے شارجہ جانے والی ایئر عربیہ کی پرواز ٹیک آف کے دوران پیش آنے والی فنی خرابی کے باعث بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔ مسافروں اور ذرائع کے مطابق رن وے پر دوڑتے ہوئے جہاز کے دونوں انجن اچانک بند ہوگئے، جس کے بعد طیارہ فضا میں بلند ہونے کے بجائے رفتار کم کرتے ہوئے رن وے کے آخری حصے میں رک گیا۔ واقعے کے بعد پرواز منسوخ کرکے تمام مسافروں کو آف لوڈ کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق 30 اکتوبر 2026 کو ایئر عربیہ کی پرواز جی نائن 567 شارجہ سے کوئٹہ پہنچی تھی۔ مسافروں کو اتارنے کے بعد طیارے نے تقریبا ایک بجے کوئٹہ سے شارجہ کے لیے دوبارہ روانہ ہونا تھا، تاہم ٹیک آف کے دوران اچانک فنی خرابی پیش آگئی۔ذرائع کے مطابق طیارے نے رن وے پر ٹیک آف کے لیے رفتار پکڑی، لیکن پرواز بھرنے کے مرحلے پر دونوں انجنوں نے کام کرنا چھوڑ دیا۔ انجن بند ہونے کے باعث جہاز فضا میں بلند نہ ہوسکا اور جھٹکے کھاتے ہوئے رن وے کے آخری حصے میں رک گیا۔ واقعے کے دوران طیارے میں موجود مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ایک مسافر کے مطابق جہاز رن وے پر تیزی سے آگے بڑھ رہا تھا اور اڑان بھرنے ہی والا تھا کہ اچانک انجن بند ہوگئے، جس کے بعد طیارہ لڑکھڑانے لگا۔ مسافر نے بتایا کہ صورتحال سے خوف زدہ ہوکر کئی افراد نے کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا۔مسافروں کے مطابق طیارہ تقریبا آدھے گھنٹے تک رن وے کے آخری حصے میں کھڑا رہا، جس کے بعد ایک مشین کی مدد سے اسے واپس ٹرمینل کی جانب لایا گیا اور تمام مسافروں کو جہاز سے اتار دیا گیا۔یو این اے کے مطابق پرواز میں سوار مسافروں کی بڑی تعداد عمرہ زائرین پر مشتمل تھی، جن میں ژوب اور شیرانی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل تھے۔ ان مسافروں نے شارجہ پہنچنے کے بعد وہاں سے دوسری پرواز کے ذریعے حجاز مقدس روانہ ہونا تھا، تاہم پرواز کی منسوخی سے ان کا سفری شیڈول متاثر ہوگیا اور شارجہ سے آگے کی پروازیں چھوٹنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔مسافروں نے ایئر لائن انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں متبادل پرواز، رہائش اور آئندہ سفر کے حوالے سے فوری اور واضح معلومات فراہم کی جائیں، جبکہ کنیکٹنگ پروازیں متاثر ہونے کی صورت میں بھی مناسب انتظامات کیے جائیں۔ایئر عربیہ کوئٹہ آفس سے رابطہ کرنے پر بتایا گیا کہ پرواز میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی، جس کے باعث طیارہ آج روانہ نہیں ہوسکا اور اب اسے کل صبح کوئٹہ سے شارجہ بھیجنے کا منصوبہ ہے۔ تاہم نمائندے نے رن وے پر پیش آنے والے واقعے اور انجنوں کی خرابی سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔دوسری جانب مسافروں نے متعلقہ ہوا بازی حکام سے واقعے کی مکمل تحقیقات اور فنی خرابی کی وجوہات سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ طیارے کی دوبارہ روانگی تکنیکی معائنے اور کلیئرنس سے مشروط ہوگی، جبکہ مسافر عمرہ کے سفر اور شارجہ سے آگے کی پروازوں کے حوالے سے پریشانی کا شکار ہیں۔



