بلوچستانتازہ ترین

جعلی صحافیوں اور جعلی تنظیموں کے خلاف کارروائی کی جائے

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس اور کوئٹہ پریس کلب

سرکاری و نجی ادارے صحافیوں کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کی تصدیق کریں، صحافتی قیادت
سرکاری و نجی ادارے صحافیوں کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کی تصدیق کریں، صحافتی قیادت

کوئٹہ (پ ر) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس(بی یو جے) اور کوئٹہ پریس کلب کی قیادت نے جعلی صحافیوں اور صحافیوں کے نام پر سرگرم جعلی تنظیموں کے حوالے سے مسلسل موصول ہونے والی شکایات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری و نجی اداروں، پولیس حکام اور اہم شخصیات پر زور دیا ہے کہ ایسے عناصر سے محتاط رہیں اور کسی بھی فرد کی صحافتی شناخت اور تنظیمی وابستگی کی تصدیق کے بعد ہی اس سے رابطہ یا ملاقات کریں۔بی یو جے کے صدر منظور احمد، جنرل سیکریٹری شاہ حسین ترین اور کابینہ کے ارکان جبکہ کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید، جنرل سیکریٹری ایوب ترین اور کابینہ کے دیگر ارکان نے مشترکہ بیان میں کہا کہ بعض افراد اور گروہ صحافت کا نام استعمال کرکے سرکاری محکموں، پولیس، نجی اداروں اور شخصیات سے ملاقاتوں کے ذریعے ذاتی مفادات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے دونوں تنظیموں کو مسلسل شکایات اور اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (برنا) سے منسلک صوبے کے پیشہ ور صحافیوں کی نمائندہ تنظیم ہے، جو گزشتہ 60 سال سے آزادی صحافت، آزادی اظہار رائے اور صحافیوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ اسی طرح کوئٹہ پریس کلب صوبے کا سب سے بڑا اور کوئٹہ کا واحد پریس کلب ہے، جہاں سے وابستہ پیشہ ور صحافیوں کی خدمات اور قربانیوں کی طویل تاریخ ہے۔بی یو جے اور کوئٹہ پریس کلب کی قیادت نے واضح کیا کہ جعلی صحافیوں اور ایسے گروہوں سے دونوں تنظیموں کا کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے شہریوں، حکومت، سرکاری و نجی اداروں اور اہم شخصیات سے اپیل کی کہ خود کو صحافی ظاہر کرنے والے افراد کے متعلقہ میڈیا ادارے، بی یو جے یا کوئٹہ پریس کلب سے وابستگی کی تصدیق ضرور کریں۔مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ صحافت کا نام استعمال کرکے ذاتی مفادات حاصل کرنے والے اور اپنی شناخت یا تنظیمی وابستگی ثابت نہ کر سکنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔ دونوں تنظیموں نے اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button