
ژوب (یو این اے )آل بلوچستان لوکل کونسل فورم نے کہا ہے کہ صوبے کے بلدیاتی ادارے گزشتہ چار ماہ سے نان سیلری فنڈز سے محروم ہیں، جس کے باعث ملازمین شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور ان کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہو گیا ہے۔فورم کے بیان میں کہا گیا کہ اگر بلدیاتی اداروں کو اسی رفتار اور انداز میں چلایا جاتا رہا تو وہ کچھ عرصے بعد مکمل طور پر مفلوج ہو جائیں گے۔ صوبے کے تمام بلدیاتی اداروں کے دفاتر لاکھوں روپے کے مقروض ہیں، جبکہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث صفائی کی صورتِ حال بھی انتہائی خراب ہو چکی ہے۔آل بلوچستان لوکل کونسل فورم نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی اداروں کے گزشتہ چار ماہ سے بند نان سیلری فنڈز فوری طور پر بحال کیے جائیں تاکہ ملازمین کو درپیش مالی مشکلات دور ہوں اور اداروں کی کارکردگی بحال ہو سکے۔بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر ایک سے دو روز کے اندر نان سیلری فنڈز کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو صوبے بھر کے میئرز اور چیئرمین وزیراعلی ہاوس کے سامنے دھرنا دیں گے۔



