
کوئٹہ (یو این اے) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت اور عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں، جبکہ پاکستان کا امن، استحکام اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو چاہیے کہ لوگوں کو اکٹھا کرکے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے بجائے عوام کی ترقی اور نوجوانوں کے روشن مستقبل پر توجہ دیں۔اپنے ایک بیان میں میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ بلوچستان حکومت نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے، کھیلوں کے فروغ، تعلیم، روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف پروگراموں پر کام کر رہی ہے۔ دوسری جانب سیاسی اختلافات کو اس انداز میں آگے بڑھانا کہ ملک میں بے چینی اور عدم استحکام پیدا ہو، قومی مفاد کے لیے سودمند نہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تصادم اور انتشار کی سیاست میں الجھانے کے بجائے تعلیم، کھیل، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا کی جانب سے لوگوں کو اکٹھا کرکے اسلام آباد یا کسی دوسرے شہر کی طرف پیش قدمی اور محاذ آرائی کی فضا پیدا کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ کسی شہر یا دارالحکومت کی جانب پیش قدمی کے دوران تصادم کی صورت حال پیدا کرنا اور ریاستی اداروں کے ساتھ کشیدگی بڑھانا مسائل کا حل نہیں، بلکہ اس سے حالات مزید خراب ہونے، عوامی مشکلات میں اضافے اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔میر ضیا اللہ لانگو کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں اختلافِ رائے ہر سیاسی جماعت کا حق ہے، تاہم اس حق کو آئین، قانون اور جمہوری روایات کے دائرے میں استعمال کرنا ضروری ہے۔ سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو تصادم کی طرف لے جانے کے بجائے مذاکرات، افہام و تفہیم اور آئینی طریقہ کار کے ذریعے مسائل حل کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کسی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ملک کو آگے لے جانے کے لیے سیاسی برداشت، ذمہ دارانہ طرزِ عمل اور تعمیری سیاست کو فروغ دینا ہوگا۔ بلوچستان حکومت صوبے کے نوجوانوں اور عوام کی بہتری، امن کے قیام اور ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔



