
کوئٹہ (پ ر) نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی زیرِ صدارت کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس میں مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر محمد شہی، پنجاب وحدت کے صدر ایوب ملک، پشتونخوا وحدت کے صدر ڈاکٹر سرفراز احمد، بلوچستان وحدت کے صدر اسلم بلوچ اور سندھ وحدت کی نمائندگی کامریڈ رمضان نے کی۔اجلاس میں مرکزی کمیٹی کے اراکین، پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ اور بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے چیئرمین بوہیر بلوچ نے بھی شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ملک اس وقت شدید سیاسی، معاشی اور انتظامی بحرانوں سے دوچار ہے، جبکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے اور کئی علاقوں میں ریاستی رٹ کمزور ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی عمل میں مسلسل رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں، میڈیا اور دیگر اداروں پر پابندیاں عائد ہیں، پارلیمنٹ سمیت جمہوری ادارے مشکلات کا شکار ہیں جبکہ انصاف کے ادارے بھی مثر انداز میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے نظر نہیں آرہے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ملک کی بڑی سیاسی و جمہوری جماعتیں بھی مختلف نوعیت کے سمجھوتوں کا شکار دکھائی دیتی ہیں، جس کے باعث ملک کو درپیش بنیادی مسائل کے سیاسی حل کے لیے مثر اور سنجیدہ کوششیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ طاقت کے ذریعے سیاسی اور سماجی مسائل حل کرنے کی حکمتِ عملی مسائل ختم کرنے کے بجائے انہیں مزید پیچیدہ بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ریاستی پالیسیوں کے باعث ریاست اور عوام کے درمیان خلیج مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اس خلیج کو کم کرنے کے لیے طاقت کے استعمال کے بجائے سیاسی مکالمے، جمہوری عمل، آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری اور عوام کے سیاسی، معاشی و قومی حقوق کو تسلیم کرنا ضروری ہے۔نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام یا قومی وحدتوں کو انتظامی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی پالیسی انتہائی حساس معاملہ ہے اور ایسی پالیسی ملک میں پہلے سے موجود سیاسی، قومی اور وفاقی پیچیدگیوں میں مزید اضافہ کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی وحدتوں کی تاریخی اور سیاسی شناخت کو کمزور کرنے والی کسی بھی پالیسی کے وفاقی ڈھانچے، سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں اور سیاسی قیادت کو ایسی تجاویز کا سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہیے اور ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو قومی وحدتوں کے درمیان بداعتمادی کو مزید فروغ دیں۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کا حل مزید انتظامی تقسیم یا طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ جمہوریت کی بحالی، آئین کی بالادستی، وفاقی اصولوں کے احترام، سیاسی مکالمے، پارلیمنٹ کی بالادستی اور تمام قومی وحدتوں کے مساوی سیاسی و معاشی حقوق کے تحفظ میں ہے۔انہوں نے زور دیا کہ ملک کی سیاسی قیادت موجودہ بحران سے نکلنے کے لیے وسیع تر سیاسی مکالمے کا آغاز کرے اور تمام سیاسی و قومی اکائیوں کو اعتماد میں لے کر ایسا متفقہ قومی راستہ اختیار کرے جو پاکستان کے وفاق کو مضبوط، جمہوری اداروں کو مستحکم اور عوام کے اعتماد کو بحال کرسکے۔



