
چمن(یو این اے) چمن میں 4 سالہ بچی سے 60 سالہ شخص کے مبینہ نکاح کے معاملے میں پولیس نے بچی کے والد اور ملزم کے بھائی کو گرفتار کرلیا، جبکہ نکاح کے مبینہ مرکزی ملزم کے افغانستان فرار ہونے کی اطلاع ہے۔پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران 4 سالہ بچی کے نکاح کے معاملے کا تعلق 7 ستمبر کو قتل ہونے والی اس کی 14 سالہ بہن شکریہ بی بی کے قتل سے بھی سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق شکریہ بی بی کے شوہر کو قتل کے الزام میں پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے، جبکہ وہ 60 سالہ شخص کا بیٹا ہے جس سے 4 سالہ بچی کے مبینہ نکاح کا معاملہ سامنے آیا۔بچی کے گرفتار والد کے مطابق اس کی 14 سالہ بیٹی شکریہ بی بی کو سسرال میں مبینہ تشدد کا سامنا تھا اور اس پر ایک اور کمسن بیٹی کا رشتہ دینے کے لیے بھی دبا ڈالا جاتا رہا۔ والد کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ 4 سالہ بیٹی کا رشتہ 60 سالہ صلاح الدین سے مبینہ طور پر 25 لاکھ روپے کے عوض طے کیا گیا تھا۔والد کے مطابق رقم کی ادائیگی سے قبل صلاح الدین نے 4 سالہ بچی کے بجائے 8 سالہ بیٹی کا رشتہ طلب کیا اور رشتہ نہ دینے کے بعد 7 ستمبر کو کچلاک میں اس کی شادی شدہ 14 سالہ بیٹی شکریہ بی بی کو مبینہ طور پر تشدد کرکے قتل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق دونوں واقعات میں مزید کون کون افراد ملوث ہیں، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کمسن بچی کے تحفظ اور اس معاملے میں قانونی کارروائی کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔



