
کوئٹہ (یو این اے)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خضدار کے علاقے وڈھ سونارو میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غلط اطلاع کی بنیاد پر مارے گئے۔سعودی عرب سے ویڈیو لنک کے ذریعے کوئٹہ میں موجود دیگر صوبوں سے آنے والے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ وہ اعتراف کرتے ہیں کہ سونارو واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد بے گناہ تھے اور شادی سے واپس آرہے تھے۔واضح رہے کہ 10 ستمبر کی شب ضلع خضدار کی تحصیل وڈھ کے علاقے سونارو میں فائرنگ کے واقعے میں چار افراد جاں بحق ہوئے تھے، جن میں ایک سات سالہ بچہ بھی شامل تھا، جبکہ ایک خاتون اور ایک بچے سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔ جاں بحق افراد کے لواحقین اور بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے واقعے کا الزام سیکیورٹی فورسز پر عائد کیا گیا تھا۔وزیراعلی سرفراز بگٹی نے کہا کہ کالعدم شدت پسند تنظیموں کے عناصر عام شہریوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں، جس کے باعث بعض اوقات یہ تعین کرنا مشکل ہوجاتا ہے کہ کون دوست ہے اور کون دشمن۔انہوں نے کہا کہ سونارو واقعے میں جاں بحق افراد کے بے گناہ ہونے اور غلط اطلاع کی بنیاد پر کارروائی ہونے کا اعتراف حکومت کی جانب سے کیا جارہا ہے۔



