بلوچستانتازہ ترین

چاغی قلات پل دھماکوں سے متاثر، مسافر کوچ کے متعدد افراد زخمی

چاغی اور قلات میں قومی شاہراہ پر پل بارودی مواد سے نشانہ بنائے گئے

ٹریفک متاثر، متبادل راستوں سے آمدورفت جاری
ٹریفک متاثر، متبادل راستوں سے آمدورفت جاری

چاغی/قلات )یو این اے( بلوچستان میں قومی شاہراہ این-40 پر چاغی اور قلات کے علاقوں میں یکے بعد دیگرے دو پلوں کو بارودی مواد سے نشانہ بنانے کے واقعات پیش آئے، جس کے نتیجے میں پلوں کو نقصان پہنچا، ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ ایک واقعے میں مسافر کوچ میں سوار متعدد افراد زخمی ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ رات تفتان سے کوئٹہ جانے والی این-40 شاہراہ پر چہتر کے قریب نامعلوم افراد نے پل کے نیچے بارودی مواد نصب کرکے دھماکا کیا، جس سے پل کو نقصان پہنچا اور بڑی گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ واقعہ دالبندین سے تقریبا 50 کلومیٹر مشرق کی جانب پیش آیا۔دوسری جانب قلات کے علاقے مرجان کی حدود میں بھی نامعلوم افراد نے قومی شاہراہ پر واقع پل کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے وقت ایک مسافر کوچ پل سے گزر رہی تھی، جس کے باعث کوچ میں سوار متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو فوری طور پر نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال مستونگ منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔پولیس کے مطابق مرجان میں پل کو پہنچنے والے نقصان کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، تاہم مسافر گاڑیوں کو متبادل راستوں سے گزارا جارہا ہے۔ دونوں واقعات کے بعد پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا جبکہ دھماکوں کی نوعیت، ذمہ داروں اور دیگر پہلوں سے متعلق تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button