بلوچستانتازہ ترین

بلوچستان میں کوئی نوکری فروخت نہیں ہوگی

ثابت ہونے پر وزیر اور سیکرٹری کے خلاف کارروائی ہوگی، سرفراز بگٹی

محکمہ جنگلات کی بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کی اعلی سطحی تحقیقات کا حکم ملوث کردار سزا سے نہیں بچ سکیں گے، وزیراعلی
محکمہ جنگلات کی بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کی اعلی سطحی تحقیقات کا حکم ملوث کردار سزا سے نہیں بچ سکیں گے، وزیراعلی

کوئٹہ (یو این اے) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں کسی بھی نوجوان کی نوکری فروخت نہیں ہونے دی جائے گی اور سرکاری ملازمتوں کی خرید و فروخت کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ روز اول سے ان کا اصولی موقف ہے کہ بلوچستان میں کوئی نوکری نہیں بکے گی، جبکہ اس معاملے پر کابینہ کے ارکان اور چیف سیکرٹری بلوچستان سمیت تمام متعلقہ حکام ایک پیج پر ہیں۔سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور محکمہ جنگلات میں بھرتیوں کے حوالے سے بے ضابطگیوں کی شکایات پر اعلی سطحی تحقیقات کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ جس بھی محکمہ میں نوکریوں کی فروخت کے مصدقہ ثبوت سامنے آئے، اس محکمہ کا وزیر اور سیکرٹری اپنے عہدوں پر نہیں رہیں گے۔ وزیراعلی نے واضح کیا کہ اگر غیر جانبدارانہ تحقیقات میں کسی شخص کا جرم ثابت ہوا تو ملوث کردار سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سردی میں ٹھٹھرتے اور گرمی میں جھلستے کسی نوجوان کی نوکری فروخت ہونے دینا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ بلوچستان کے نوجوانوں کو میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔وزیراعلی نے افسران سے اس عزم کے حوالے سے حلف بھی لیا کہ سرکاری ملازمتوں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی اور بھرتیوں کے عمل میں میرٹ، شفافیت اور قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات سمیت کسی بھی ادارے میں بھرتیوں سے متعلق شکایات کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور مصدقہ ثبوت سامنے آنے کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button