
کوئٹہ (یو این اے) ایڈووکیٹ جلیلہ حیدر نے سابق پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض کی گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عائشہ فیض کی گرفتاری نہ صرف قابلِ مذمت ہے بلکہ ایک خاتون کے اظہارِ خیال کو دہشتگردی کے مقدمات سے جوڑنا بھی انتہائی تشویشناک امر ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عائشہ فیض صرف تاریخی پس منظر اور حقائق بیان کررہی تھیں اور انہوں نے مستونگ میں باغات کو دہشتگردی سے جوڑنے اور انہیں ختم کرنے سے متعلق دیے گئے بیان کی مذمت کی تھی، جس پر انہیں گرفتار کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔جلیلہ حیدر نے کہا کہ دہشتگردی کے قوانین کا جس قدر ہر معاملے میں بے جا اطلاق کیا جائے گا، یہ قوانین اپنی حیثیت اور وقعت اسی قدر کھوتے جائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عائشہ فیض کے خلاف درج تمام ایف آئی آرز فوری طور پر واپس لی جائیں اور انہیں رہا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عائشہ فیض طویل عرصے تک پولیس سرجن کے عہدے پر خدمات انجام دے چکی ہیں، تو پھر سوال یہ ہے کہ وہ کب سے دہشتگرد ہوگئیں؟ ایک خاتون کے اظہارِ خیال اور اختلافِ رائے کو دہشتگردی سے جوڑنا قابلِ تشویش ہے۔ایڈووکیٹ جلیلہ حیدر نے کہا کہ ریاستی اقدامات کے ممکنہ نتائج پر بھی غور کیا جانا چاہیے۔ کیا حکام یہ سمجھتے ہیں کہ کانٹے بو کر اناج کی فصل حاصل کی جاسکتی ہے؟ انہوں نے زور دیا کہ اختلافِ رائے اور تنقید کا جواب مقدمات اور گرفتاریوں کے بجائے مکالمے اور دلیل سے دیا جانا چاہیے۔



