
سوئی (یو این اے)سوئی پاکستان ہاوس میں بزرگ سیاسی و قبائلی رہنما میر غلام قادر بگٹی مرحوم کی دسویں برسی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ تقریب میں چیف آف بگٹی و وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے چھوٹے بھائی اور میر غلام قادر بگٹی مرحوم کے صاحبزادے میر آفتاب خان بگٹی، وڈیرہ محمد بخش موندرانی، میر عطا اللہ کلپر، وڈیرہ شاہ مراد خان مسوری، میر جمال خان کلپر سمیت دیگر سیاسی و قبائلی عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے شرکا نے میر غلام قادر بگٹی مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات، اصول پسندی اور جمہوری جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ مرحوم کی سیاسی بصیرت، اصولی طرزِ سیاست اور عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔اس موقع پر میر غلام قادر بگٹی مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی، جبکہ شرکا میں لنگر تقسیم کیا گیا۔تقریب کے اختتام پر مرحوم کے لیے مغفرت، بلندی درجات اور جنت الفردوس میں اعلی مقام کی دعا کی گئی۔



