بلوچستانتازہ ترین

کوئٹہ سریاب ریلوے اسٹیشن پر بڑی کارروائی کروڑوں روپے مالیت کا چوری شدہ سامان برآمد

اسٹیشن ماسٹر، اسسٹنٹ اسٹیشن ماسٹر اور گینگ مین گرفتار

ریلوے ٹیلی کام کا کھمبا کاٹ کر کباڑ میں فروخت کرنے کے لیے منتقل کیا جا رہا تھا
ریلوے ٹیلی کام کا کھمبا کاٹ کر کباڑ میں فروخت کرنے کے لیے منتقل کیا جا رہا تھا

کوئٹہ (یو این اے) ریلوے پولیس نے کوئٹہ کے سریاب ریلوے اسٹیشن پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے ریلوے کا مبینہ طور پر چوری شدہ قیمتی سامان کباڑ میں فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران اسٹیشن ماسٹر، اسسٹنٹ اسٹیشن ماسٹر اور گینگ مین سمیت ریلوے کے تین ملازمین کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی سریاب ریلوے اسٹیشن کے قریب اس وقت عمل میں لائی گئی جب ریلوے کا قیمتی سامان مبینہ طور پر کباڑ میں فروخت کرنے کے لیے منتقل کیا جا رہا تھا۔ اطلاع ملنے پر ریلوے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سامان اپنی تحویل میں لے لیا اور مبینہ طور پر ملوث تین ریلوے ملازمین کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی آر کے مطابق سریاب ریلوے اسٹیشن کے اسٹیشن ماسٹر اور اسسٹنٹ اسٹیشن ماسٹر مبینہ طور پر ایک گینگ مین کے ہمراہ ریلوے ٹیلی کام کا کھمبا کاٹ رہے تھے، جس کے لیے گیس کٹر استعمال کیا جا رہا تھا۔ اطلاع ملنے پر ریلوے پولیس موقع پر پہنچی اور کارروائی کرتے ہوئے ریلوے کا سامان قبضے میں لے لیا۔پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ریلوے ٹیلی کام کا کھمبا اور دیگر سامان برآمد کیا گیا، جبکہ ریلوے پٹریوں میں استعمال ہونے والے کلپرز سمیت دیگر قیمتی سامان بھی پولیس نے تحویل میں لے لیا۔ برآمد شدہ سامان کی حتمی مالیت کا تعین متعلقہ حکام کریں گے، تاہم پولیس ذرائع نے اس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی ہے۔ایف آئی آر میں درج تفصیلات کے مطابق سریاب ریلوے اسٹیشن کا اسٹیشن ماسٹر مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ریلوے کا چوری شدہ سامان فروخت کرنے کے لیے کباڑ کے گودام پہنچا تھا۔ اسی دوران ریلوے کے گینگ مین محمد اسحاق نے مبینہ طور پر ریلوے پولیس کو معاملے کی اطلاع دی، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سامان برآمد کرلیا۔پولیس نے کارروائی کے دوران اسٹیشن ماسٹر، اسسٹنٹ اسٹیشن ماسٹر اور گینگ مین کو گرفتار کرلیا جبکہ کباڑ کے گودام اور متعلقہ مقام سے برآمد ہونے والے سامان کو بھی قبضے میں لے لیا گیا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے کا ٹیلی کام سامان انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اسے کاٹنے یا غیر قانونی طور پر فروخت کرنے سے ریلوے کے مواصلاتی نظام اور آپریشنل سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔گرفتار ملازمین سے تفتیش شروع کردی گئی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ ریلوے کا سامان مبینہ طور پر کب سے چوری کیا جا رہا تھا، اس میں مزید کون کون سے افراد ملوث ہیں اور اب تک کتنا سامان کباڑ میں فروخت کیا جاچکا ہے۔حکام کی جانب سے برآمد شدہ سامان کی مکمل فہرست تیار کی جارہی ہے جبکہ کباڑ کے گودام میں موجود دیگر سامان کا ریکارڈ بھی مرتب کیا جا رہا ہے۔ اس امر کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ ریلوے کا قیمتی سرکاری سامان اسٹیشن سے نکالنے اور کباڑ کے گودام تک پہنچانے میں مزید کن افراد نے مبینہ طور پر سہولت کاری کی۔ریلوے پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران ریلوے کے مزید ملازمین یا دیگر افراد کے کردار کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آنے کا امکان ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ریلوے کے سرکاری سامان کی چوری، غیر قانونی کٹائی اور فروخت میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ واقعے کے بعد ریلوے کی متعلقہ تنصیبات اور اسٹیشنوں پر قیمتی سامان کی حفاظت اور نگرانی مزید سخت کیے جانے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button