
کوئٹہ (یو این اے) سابق وزیراعلی بلوچستان اور چیف آف ساراوان نواب محمد اسلم رئیسانی نے کہا ہے کہ مستونگ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں زمینداروں کے پھلدار باغات کاٹنا، لوگوں کو ان کے علاقوں سے بے دخل کرنا اور ان کے گھروں و معاشی ذرائع کو تباہ کرنا ایک سوچا سمجھا منصوبہ محسوس ہوتا ہے، جس کا مقصد قبائل اور عام آدمی کو ریاست سے متنفر کرنا ہوسکتا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں نواب اسلم رئیسانی نے کہا کہ اگر بے دخلی اور تباہی ہی مسائل کا حل ہوتیں تو شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان، دیر بالا، دیر زیریں، شانگلہ اور دیگر علاقوں میں گھروں اور کاروباری مراکز کو مسمار کرنے کے بعد آج وہاں مکمل امن قائم ہوچکا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں کی جانے والی ایسی فوج کشیوں کا نتیجہ امن کے بجائے تباہی، بے دخلی اور قبائل کی طویل دربدری کی صورت میں نکلا۔ فوج طاقت اور بارود کے ذریعے کتنی ہی تباہی برپا کرے، بندوق کے زور پر وقتی خاموشی تو پیدا کی جاسکتی ہے لیکن پائیدار امن قائم نہیں کیا جاسکتا۔نواب اسلم رئیسانی کا کہنا تھا کہ امن اور آشتی کا ماحول صرف سیاسی سوچ، سیاسی عمل اور باعزت و باوقار مکالمے کے ذریعے ہی تشکیل دیا جاسکتا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل طاقت کے استعمال، بے دخلی یا معاشی ذرائع کی تباہی میں نہیں بلکہ سیاسی عمل، مذاکرات اور عوام کے اعتماد کو بحال کرنے میں ہے۔



